ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے دوران کہا کہ ان سے ملنے کی خواہش آج پوری ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے طارق نائیک بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کا استقبال کیا۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے بتایا کہ مولانا نے ممتاز اسکالر کی کاوشوں کو سراہا۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا آپ نے ہمارے گھر کو رونق بخشی ہے، آپ کی تشریف آوری آپ کے مشن میں مزید برکت کا سبب بنے گی۔ آپ جس طریقے سے سوالات کا جواب دیتے ہیں، وہ اسلامی تعلیمات کا بہترین دفاع ہے۔ فضل الرحمان نے مزید کہا کہ کئی لوگ آپ کی دعوت سے ایمان کے نور سے منور ہوئے ہیں۔ عالم اسلام کا حسین چہرہ دنیا کو دکھانا اور امت کے اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔ آپ یہاں مہمان نہیں، بلکہ میزبان ہیں، یہ آپ کا اپنا گھر ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میری خواہش تھی، جو آج پوری ہوئی۔ کل کچھ دوست ملنے آئے تھے، میں نے پہلے مولانا سے ملنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میری سب سے پہلی پیشہ ڈاکٹری تھی، مگر جب میں نے قرآن کریم کا ترجمہ پڑھا تو معلوم ہوا کہ سب سے اچھا پیشہ دعوت اسلام دینا ہے۔
ڈاکٹر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کے اتحاد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کی رہائشگاہ میں اپنائیت محسوس ہو رہی ہے۔ ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے ممتاز اسکالر کو گلدستہ پیش کیا اور تحائف دیئے۔ ترجمان جے یو آئی کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کو پرفیوم کا تحفہ دیا اور ان کی اقتداء میں نماز مغرب ادا کی۔
ملاقات میں اسلم غوری، عبدالغفور حیدری، اسعد محمود، مولانا امجد خان، عبد الواسع، راشد سومرو، مولانا مصباح الدین، نور عالم خان، مولانا محمود شاہ، مفتی اویس عزیز اور مفتی اسجد محمود بھی موجود تھے۔