پاکستان کے سابق پنالٹی کارنر سپیشلسٹ سہیل عباس ملائیشین ہاکی سے وابستہ ہوگئے۔
سہیل عباس رواں ماہ ملائیشیا میں اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جہاں وہ ملائیشین کھلاڑیوں کی پنالٹی کارنر اسکلز کو بہتر بنائیں گے۔ سہیل عباس نے پاکستان کی طرف سے 315 میچز میں 348 گول سکور کرنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔
ان کا ملائیشین ہاکی فیڈریشن کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے جو کہ انٹرنیشنل ہاکی کو خیرباد کہنے کے بعد کسی بھی بین الاقوامی ٹیم کے ساتھ ان کی پہلی باقاعدہ اسائنمنٹ ہوگی۔
سہیل عباس نے ملائیشین ہاکی کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ پی ایچ ایف کی جانب سے بھی انہیں کوچنگ کی پیشکش کی گئی تھی مگر انہوں نے طویل مدت کے معاہدے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
سابق کپتان وسیم احمد نے بھی سہیل عباس کی ملائیشین ہاکی میں بطور کوچ شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔