پشاور: وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ یہ گولیاں اور تشدد ہمارا وقت ضائع کر سکتے ہیں لیکن ہمارا مقصد تبدیل نہیں کر سکتے۔مولانا فضل الرحمان نے خود کہا کہ انہیں پی ٹی آئی کی حکومت ختم کرنے کا بولا گیا ۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے پشاور ہائی کورٹ پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم 2017کے پولیس ایکٹ پر کام کر رہے ہیں اور یہ ضروری ہے کہ کوئی بھی اپنی طاقت کا بے جا استعمال نہ کرے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ نگران حکومت کے دوران پولیس پر کچھ ایسے کام کروائے گئے جو وہ نہیں کرنا چاہتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سوزوکی مہران کے تمام ماڈلز کی قیمت سامنے آگئی
وزیر اعلی نے کہا کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر محکمے مل کر قوانین بنا رہے ہیں۔ انہوں نے غیر جمہوری طریقے سے آنے والوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آئین کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں ہمیں حکم ملے گا، ہم جلسے کریں گے۔ یہ گولیاں اور تشدد ہمارا وقت ضائع کر سکتے ہیں لیکن ہمارا مقصد تبدیل نہیں کر سکتے۔
وزیر اعلی نے واضح کیا کہ وہ اپنے وسائل کو بھرپور طریقے سے استعمال کریں گے اور ان کی مشینری راستہ صاف کرے گی کیونکہ وہ اس صوبے کے وزیر اعلی ہیں۔ انہوں نے پنجاب پولیس کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں کے خاندانوں کا احساس کیا جائے، اور کسی بھی غلط حکم پر عمل نہ کرنے کا مشورہ دیا ورنہ نتائج آپ کو خود بھگتنے ہوں گے۔
عظمیٰ بخاری کے بیان کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ وہ پورے پاکستان میں جلسے کریں گے، جبکہ بلاول، مولانا فضل الرحمان اور پی ڈی ایم کے دیگر رہنماں کے جلسوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کوئی روکنے والا نہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا،کیا پورے پاکستان میں صرف ایک مریم نواز رہ گئی ہے؟ عظمیٰ بخاری صاحبہ، آپ کا لیڈر بھاگ کر لندن چلا گیا اور آپ پنجاب میں جلسے کر رہی تھیں۔ ہم نے تو آپ کو نہیں روکا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سی ڈی 70نے سال 2025 ماڈل کی خریداری آسان بنا دی
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مولانا نے خود کہا کہ انہیں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ختم کریں۔ وزیر اعلی نے ان پر تنقید کی کہ مولانا، آپ اس بات پر مان گئے، اور یہ سب امریکہ کے کہنے پر ہوا کہ آپ نے پی ٹی آئی کی حکومت گرائی ہے۔