پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیاقت باغ کے باہر کنٹینرز لگا کر اسے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ گیٹ پر رکاوٹیں اور خاردار تاریں بھی لگائی گئی ہیں۔ مری روڈ کے اطراف میں بھی کنٹینرز کھڑے کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے لیاقت باغ جانے والے راستے بند کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مری روڈ کو فیض آباد کے مقام پر کنٹینر رکھ کر بلاک کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ملازمین اور کاروباری افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ آج راولپنڈی میں موبائل سروس بھی جزوی طور پر بند رہے گی۔ پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کی وجہ سے راولپنڈی صدر سٹیشن سے آئی جے پی سٹیشن تک میٹرو بس سروس مکمل طور پر معطل رہے گی، جبکہ اسلام آباد کی حدود میں آئی جے پی سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کو بڑا دھچکا ، اہم رہنما ن لیگ میں شامل ہوگیا
اسی دوران مری گھوڑا گلی کو ٹرک لگا کر بند کر دیا گیا ہے، اور مری موٹروے بھی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اس بندش کے باعث مال گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کا سامان خراب ہونے کا خطرہ ہے۔ مری سے اسلام آباد جانے والے راستوں کی بندش کے باعث شہری مری میں محصور ہو گئے ہیں، اور ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستے فراہم نہیں کیے جا سکے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
قبل ازیں یہ اطلاعات تھیں کہ راولپنڈی کے 25 مختلف مقامات اور اسلام آباد کے 9 مقامات کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا۔ اہم مقامات میں فتح جنگ ٹول پلازہ، کچہ سٹاپ، گلزار قائد، شمس آباد، فیض آباد، آئی جے پی روڈ، ڈبل روڈ، کٹاریاں پل، اور کھنہ پل شامل ہیں۔اسلام آباد میں ٹی چوک، کورال، کھنہ، فیض آباد، آئی جے پی جنکشن، 26 نمبر، گولڑہ موڑ، بی 17، اور مارگلہ کٹ جی ٹی روڈ کو بھی سیل کیا جائے گا۔
تمام راستوں کو تین ٹیئرز میں کنٹینرز، ڈمپرز، لوڈڈ ٹرک، اور خار دار تاروں کے ذریعے بند کیا جائے گا۔ راولپنڈی میں 4000 سے زائد افسران اور اہلکار اینٹی رائٹ سامان کے ساتھ موجود ہوں گے۔راولپنڈی کے 31 مختلف مقامات پر اضافی پکٹس قائم کی جائیں گی، جہاں ہر پکٹ پر ایک ڈی ایس پی اور دو ایس ایچ اوز نفری کے ہمراہ تعینات ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا کا شناختی کارڈ بنوانے والوں کے لیے انتباہ
پنجاب پولیس کی معاونت کے لیے ایلیٹ فورس اور پیٹرولنگ یونٹ کو اینٹی رائٹ سامان مہیا کیا جائے گا۔ اسلام آباد پولیس لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کے احتجاج کرنے والے کارکنان کو گرفتار کرے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی اور ایس ڈی پی اوز کے علاوہ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز فیلڈ میں موجود ہوں گے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، اور لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو خراب کرنے والے افراد کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔