پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہےکہ عدلیہ کی حفاظت صرف پی ٹی آئی کی جنگ نہیں، اس میں سب شامل ہیں آزاد عدلیہ اس ملک کے مستقبل کی ضمانت ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شبلی فراز کا کہنا ہےکہ عدلیہ کے تحفظ کے لیے پاکستان کی پوری عوام بالخصوص وکلاء کو بھی کھڑا ہونا چاہیے ، ، آزاد عدلیہ و طن عزیز پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لیاقت باغ احتجاج : پنجاب حکومت نے علی امین گنڈا پورکیخلاف انتہائی اہم اقدام اٹھا لیا
موجودہ حکمران طبقے کے لیے ایک کھیل رچایا جا رہا ہےیہ آئینی ترمیم نہیں ، بلکہ میں اسے شیطانی ترمیم کہنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کروں گا ، لوگوں کو اُٹھایا جا رہا ہے تاکہ وہ اس ترمیم کے لیے ووٹ دیں۔ پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا مزیدکہنا ہے کہ آج ہمارا لیاقت باغ میں احتجاج ہوگا، عدلیہ کی حفاظت کیلئے وکلا ءکو کھڑا ہونا چاہیے۔
آئینی ترامیم کا مقصد بانی پی ٹی آئی کا فوجی ٹرائل کرنا ہے: شیخ وقاص
دوسری طرف ترجمان پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم کا مقصد بانی پی ٹی آئی کا فوجی ٹرائل کرنا ہے،ترامیم کا مقصد پی ٹی آئی پر پابندی عائدکرنا ہے ، صرف 16 سیٹیں جیتنے والوں کے پاس کسی ترمیم کا حق نہیں ، پی ٹی آئی اس آئینی ترمیم کے سامنے آخری دیوار بنے گی۔
تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص کا مزیدکہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور تمام ممبران فوری طور پر مستعفی ہوں، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف ) کے سربراہ مولانا فضل الر حمٰن اپنا کندھا کسی غیر آئینی کام کے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔