حکومت نے بجلی کی سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت یکم نومبر سے بجلی کے صارفین کو مقررہ ٹیرف کے حساب سے قیمتیں ادا کرنا ہوں گی۔
حکومت کی جانب سے دی جانے والی 50 ارب روپے کی سبسڈی ختم ہو جائے گی۔ ایک سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 23 روپے 59 پیسے فی یونٹ جبکہ دو سو یونٹ استعمال کرنے والوں کو 30 روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے۔
مزید پڑھیں: حکومت نے بجلی کی قیمت میں کمی کیلئے پلان تیار کرلیا
پروٹیکٹڈ صارفین کو بھی اب سبسڈی کے بغیر بجلی فراہم کی جائے گی۔ اس کے نتیجے میں 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کا ٹیرف فی یونٹ 3.95 روپے سے بڑھ کر 11.69 روپے ہو جائے گاجبکہ 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 4.10 روپے سے بڑھ کر 14.16 روپے ہو جائے گا۔
ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے ٹیرف 3.95 روپے برقرار رہے گا۔ حکومت نے جولائی سے ستمبر تک 50 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی تھی جبکہ یکم جولائی سے بجلی کا بنیادی ٹیرف فی یونٹ 7.12 روپے تک بڑھایا گیا تھا۔