شمالی اور جنوبی وزیرستان میں فورسز اور خوارج کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں بارہ خوارجی ہلاک ہو گئے، جبکہ وطن کے چھ بہادر سپوت بھی شہید ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ 19 ستمبر کو پاک افغان بارڈر کے قریب شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سات دہشت گردوں کے گروپ کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوراً دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سات خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
جنوبی وزیرستان کے ضلع لدھا میں ایک اور واقعے میں خوارج کے ایک گروپ نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں چھ بہادر سپوت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے، جبکہ علاقے میں موجود دیگر خارجی عناصر کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشنز بھی جاری ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔