ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نےایجنٹ مافیا کی سرکوبی اور شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے نئی ایس او پیز جاری کر دیے۔
ان میں نئی گاڑی کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے حوالے سے اہم ہدایات شامل ہیں۔نئی ایس او پیز کے مطابق، اگر گاڑی کا مالک خود رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے لیے نہیں آسکتا تو جس شخص کے ذریعے ڈاکومنٹس جمع کروائے جائیں گے، اس کے لیے اتھارٹی لیٹر یا بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔
بائیو میٹرک تصدیق کے لیے متعلقہ شخص کا نام اور شناختی کارڈ نمبر درج کرنا ہوگا۔مزید برآں اگر گاڑی کے مالکان خود ایکسائز آفس نہیں آتے، تو رجسٹریشن کارڈ وصول کرنے والے کے لیے بھی بائیو میٹرک تصدیق ضروری قرار دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد ایکسائز آفس نے Door Step پالیسی کے تحت گھر یا آفس میں گاڑی کی نئی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔ شہری اس سہولت سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں، پارکوں اور اہم شاہراہوں پر ایکسائز موبائل وین سروس بھی فراہم کر رہے ہیں۔ شہری آن لائن بھی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
شہریوں کو یہ بھی آگاہ کیا گیا ہے کہ ایکسائز آفس گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے وقت سرکاری فیس کی وصولی کے بعد چالان ٹکٹ جاری کرتا ہے، جس پر تمام تفصیلات درج ہوتی ہیں۔
ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات اور Doorstep کی سہولت حاصل کرنے کے لیے ہیلپ لائن نمبر 051-111-383-383 پر ورکنگ ڈے میں صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک رابطہ کریں۔