وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ حضرت محمدؐ کا اسوہ حسنہ تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق عیدمیلادالنبی ؐ کے موقع پر وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کا اپنے خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ اُمت مسلمہ بالخصوص اہل پاکستان کو عید میلادالنبی ؐ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ نبی اکرم ؐ کی ولادت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ ؐ کے اسوہ حسنہ کے عمل پیرا ہونے میں ہی تمام انسانوں کی دنیا و آخرت سنور سکتی ہے ، آپ ؐ انسانیت کے نجات دہندہ اورحقیقی محسن ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا پیغام
گورنر خیبر پختونخوافیصل کریم کنڈی نےاپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ حضور اکرم ؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے، سیرت نبوی ؐ بنی نوع انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ کوعید میلادالنبیؐ کی مبارکباد بھی دی ۔
صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف
صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹرڈاکٹر سیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپؐ کی سیرت ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے، عید میلاد النبی ؐ پُر امن و محبت کا پیغام عام کریں۔ انہوں نے بھی 12 ربیع الاول کی تمام امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ترقی و خوشحالی ممکن ہے حضور اکرم ؐ اللہ کے آخری نبی ہیں، آپؐ کے بعد تاقیامت کوئی نبی نہیں آ ئے گا ۔