پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ عرصے کے دوران زبردست کمی آئی ہے، جس سے مہنگائی کی شرح میں نمایاں بہتری اور معیشت میں تیزی دیکھنے کو ملی ہے۔ ڈیڑھ ماہ کے دوران پٹرول کی قیمت 26.5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 34 روپے فی لیٹر کم ہو گئی ہے۔
اقتصادی ماہرین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح مزید کم ہوگی اور معیشت کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔ ان کے مطابق زراعت اور صنعت میں بھی ترقی دیکھنے کو ملے گی، جس سے مجموعی اقتصادی حالات میں بہتری آئے گی۔ ماہرین نے اشارہ دیا ہے کہ افراط زر سنگل ڈیجٹ میں آگیا ہے اور ملکی معیشت میں مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: پبلک ٹرانسپورٹ کی قیمتوں میں بھی کمی کر دی گئی
پاکستان پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے سیکرٹری یاسر رضا چوہدری نے انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کو اس صورتحال کا اہم سبب قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل 2024ء میں خام تیل کی قیمت 90 ڈالر فی بیرل تھی، جو ستمبر میں کم ہو کر تقریباً 70 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ یہ قیمت گزشتہ چھ ماہ کی کم ترین سطح ہے۔
اقتصادی ماہرین اور تجزیہ کاروں کے مطابق، حکومت کی مؤثر اقتصادی پالیسیوں کے مثبت نتائج عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، اور یہ تبدیلیاں ملکی معیشت کے لئے خوش آئند ہیں۔