اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا پی ٹی آئی کے زیرحراست اراکین کے حوالے سے اہم فیصلہ، پارلیمنٹ لاجز میں گرفتار اراکین اسمبلی کی رہائشگاہوں کو سب جیل قرار دینے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق تمام زیرحراست اراکین سے متعلقہ فارم پر دستخط کروا لیے گئے ہیں اور آج ہی تمام گرفتار اراکین اسمبلی کی پارلیمنٹ لاجز میں منتقلی کی تیاری کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے اراکین کی سیکیورٹی اور تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے پارلیمنٹ لاجز کو سب جیل قرار دینے کی درخواست دی تھی۔
اسمبلی ذرائع کے مطابق زیرحراست تمام 10 اراکین اورچئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اس سلسلے میں اسپیکر کو باضابطہ درخواست پیش کی تھی۔
اس کے ساتھ ہی اراکین کے پورے سیشن کے لیے پروڈکشن آرڈرز بھی جاری کیے گئے ہیں تاکہ ان کی اسمبلی سیشن میں موجودگی یقینی بنائی جا سکے۔یہ اقدام اراکین کی سیکیورٹی اور قانونی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔