پاکستان گلوبل سائبر سیکیورٹی انڈیکس (GCI_V5)میں شاندار ترقی کرتے ہوئے سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں سرِفہرست ممالک کی صف میں شامل ہو گیا۔
حال ہی میں جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان سائبر سیکیورٹی کی کارکردگی کی بنیاد پر “رول ماڈل” کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، جہاں 46 ممالک شامل ہیں۔ یاد رہے کہ دو سال قبل پاکستان اسی انڈیکس میں 79 ویں نمبر پر تھا۔
رپورٹ میں پاکستان کی سائبر سیکیورٹی کی بہتری کے اقدامات اور کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔ یہ کامیابی پاکستان کے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے قیام کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ گلوبل سائبر سیکیورٹی انڈیکس میں درجہ اول میں شامل ہونا پاکستان کی عالمی ساکھ میں اضافہ کرے گا اور ملک کی ڈیجیٹل معیشت پر اعتماد کو بھی بڑھائے گا۔
حکومت کی جانب سے سائبر سیکیورٹی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات جیسے کہ ایک مخصوص سائبر سیکیورٹی ایجنسی کے قیام اور مؤثر پالیسیوں کے نفاذ نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔
یہ کامیابی پاکستان کے لیے سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرتی ہےاور اس بات کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالتی ہے کہ پاکستان مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔