(سید ذیشان)
تحریک انصاف پارلیمانی پارٹی کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے تمام ارکان کو ہدایت کی ہے کہ اب مفاہمت کی نہیں مزاحمت کی سیاست کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے تمام اراکین کو کھل کر بات کرنے کا بھی اختیار دے دیا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں تمام ممبران اسمبلی نے شرکت کی۔
پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں متعدد ارکان نے وزیر اعلیٰ سے دریافت کیا کہ ان کیساتھ کیا ہوا اور وہ کہا گئے تھے جس پر وزیر اعلیٰ نے خاموشی اختیار کی اور منہ تک نہیں کھولا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے ارکان اسمبلی کو اب پارٹی دفاع کرنے کا اختیار دیا ہے اور انہیں سختی سے کہہ دیا ہے کہ اسمبلی کے اندر اور باہر تمام ارکان کو کھل کر پارٹی کی دفاع کرنے کی پالیسی اختیار کرنے ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ اسمبلی کے فلور کو استعمال کرتے ہوئے روزانہ 5 ممبران بھر پور طریقے سے مخالفین کو جواب دیں گے۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی ہے کہ کسی شکایت یا مسئلے کی صورت میں وہ کھل کر بات کریں،خواہ وہ وزیر اعلیٰ کے خلاف کیوں نہ ہوں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ سب مل کر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے مہم چلائے کیونکہ حالات پارلیمان کی بے توقیری تک پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کو ممبران اسمبلی نے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ کے ہر فیصلے کو سپورٹ کرتے ہیں اور جو فیصلہ وزیر اعلیٰ کا ہوگا وہی ان کا بھی ہوگا۔ اجلاس میں امن و امان کے ساتھ رہنماؤں کی گرفتاری سمیت دیگر اہم معاملات پر بھی گفتگو کی گئی ہے۔