پنجاب میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے آج سے خصوصی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت صوبے کے 13.9 ملین بچوں کو پولیو سے بچاو کی ویکسین پلائی جائیگی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سوموار سے شروع ہونیوالی پولیو کے خاتمے کی خصوصی مہم کے تحت صوبے کے 15 اضلاع میں پولیو وائرس کو ختم کرنے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں جن اضلاع میں یہ مہم شروع کی جا رہی ہے ان میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، اٹک، چکوال، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، ڈی جی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔ لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں یہ مہم 7 دن تک جاری رہے گی جبکہ باقی اضلاع میں صرف پانچ روز تک مہم جاری رہے گی۔ تمام اضلاع میں مہم کے آخری دو دن بچ جانے والے بچوں کو ویکسین پلائی جائیگی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی ایک نہیں 100 جلسے کرے ، این آر او نہیں ملے گا، طلال چوہدری
اس حوالے سے ٹیموں کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے، مہم کی نگرانی کے لیے ماہرین کو تعینات کر دیا گیا ہے اور اضلاع میں ویکسین کے ساتھ ساتھ دیگر سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے۔ جاری کردہ ہدایات کے مطابق، یہاں تک کہ اگر ٹیموں کے سابقہ ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ گھر میں بچے صفر ہیں، ٹیموں کو دروازے پر دستک دینے اور مہمان بچوں کی دستیابی کو دوبارہ چیک کرنے کی ضرورت ہوگی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے پولیو ٹیموں کی کوالٹی ٹریننگ دے کر ان کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ تاکہ صوبے اور ملک سے پولیو کے خاتمے کو یقینی بنا یا جا سکے۔