“اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت ماہانہ قسط اور ادائیگی کی مدت کا تعین کر دیا گیا

“اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت ماہانہ قسط اور ادائیگی کی مدت کا تعین کر دیا گیا

“اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کی ماہانہ قسط 14ہزار روپے مقرر کر دی گئی۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بجلی بلوں کی سبسڈی پر اگر آئی ایم ایف کو اعتراض ہے تو بات چیت کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت قرض بلا سود ہے اور اس کی ماہانہ قسط 14 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ یہ قرض 7 سال میں واپس کیا جائے گا، اور اس پروگرام کا مقصد ہر انسان کو اپنے گھر کا خواب پورا کرنا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ اس پروگرام کی تفصیلات اور فنڈنگ کے بعد ہی اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں بڑی تعداد میں لوگ اس پروگرام کے لیے درخواستیں دے چکے ہیں، اور اب تک 78 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بینکس اور دیگر ادارے ایسے پروگراموں کے لیے سروس چارجز لیتے ہیں، لیکن پنجاب حکومت ان چارجز اور ٹیکس خود ادا کرے گی۔ اس پروگرام کے لیے اب تک 2 لاکھ 40 ہزار کالز موصول ہو چکی ہیں، اور قرضوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز ہر ماہ اس پروگرام کی بیلٹنگ خود کریں گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایسے افراد شامل نہ ہوں جو فتنہ فساد یا مقدمات میں نامزد ہیں۔ صوبائی وزیرِ اطلاعات نے دوسرے صوبوں کے وزرائے اطلاعات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مخالفین کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی پالیسیوں کو کاپی کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز نے روٹی کی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت دی اور ایئر ایمبولینس پر بھی تنقید کی گئی، جس پر مخالفین نے بھی ایئر ایمبولینس لانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمت کم ہونے پر کرائے بھی واپس کیے گئے، جبکہ دوسرے صوبوں میں کرائے کم نہیں ہوئے۔

عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پرانی دشمنیوں اور قتل و غارت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے رپورٹ لی ہے اور کسی کو بھی گینگ وار، فساد، یا حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گینگ وار کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *