پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات میں بہتری آئی ہے جس کے نتیجے میں چینی وزیراعظم 11 سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چین کے وزیراعظم لی کیانگ آئندہ ماہ پاکستان کے 3 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان دو مرحلوں پر مشتمل ہوگا۔ پہلے مرحلے میں وزیراعظم 14 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ دو طرفہ مذاکرات کریں گے جس میں پاک چین تعلقات اور دیگر امور پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: یاماہا 125 کی ستمبر کیلئے قیمت سامنے آگئی
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے کا آغاز 15 اکتوبر کو ہوگا جس میں کثیر الجہتی دورے شامل ہوں گے، جہاں وزیر اعظم لی 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
یہ 11 سال میں کسی چینی وزیر اعظم کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا، جس کی وجہ حکومت پاکستان اور چین کے تعلقات میں بہتری کو قرار دیتی ہے، خاص طور پر وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے بعد، جو دوطرفہ تعلقات کا تسلسل ہے۔