فیصل آباد کے شائقین کرکٹ چیمپیئنز ون ڈے کپ میں پلے آف کے چار میچز کے سوا باقی تمام میچز اقبال اسٹیڈیم میں فری دیکھ سکیں گے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت چیمپیئنز ون ڈے کپ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں پی سی بی نے پہلی مرتبہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں چیمپیئنز ایونٹس کرانے کا فیصلہ کیا۔
اس حوالے سے پہلا چیمپیئنز ون ڈے کپ 12 ستمبر سے فیصل آباد میں شروع ہو رہا ہے جبکہ اجلاس میں ایونٹ کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ شائقین کرکٹ آخری 4 میچز کے سوا تمام میچ فری دیکھ سکیں گے ، فیصل آباد کے شہری کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتے ہیں اور عرصہ دراز کے بعد فیصل آباد میں پاکستان کے بہترین کھلاڑی بڑے ٹورنامنٹ میں ان ایکشن ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے، اس سے ناصرف ٹیلنٹ سامنے آئے گا بلکہ ڈومیسٹک کرکٹ بھی مضبوط ہو گی۔