ایک طوفان کا خطرہ ٹلتے ہی دوسرا طوفان سر اٹھانے لگا۔ مون سون کے ایک اور تگڑے سسٹم کی پیشنگوئی کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کا شدید کم دبائو شدت اختیار کر کے ڈپریشن بن گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ یہ سسٹم بھارتی گجرات اور راجستھان پر اثر انداز ہوگا اور آئندہ تین سے چار روز میں مشرقی سندھ پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر اس کے اثرات کی اس وقت پیشنگوئی نہیں کی جاسکتی۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں مون سون بارشیں: جانی و مالی نقصان کی تفصیلات سامنے آ گئیں
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ سمندری طوفان اسنیٰ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی سے مزید دور چلا گیا ہے۔ سمندری طوفان سندھ کی ساحلی پٹی سے مزید دور ہوگیا ہے اور طوفان بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں ہے جبکہ طوفان مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جو کراچی کے جنوب مغرب سے 230کلومیٹر دور ہے۔
سمندری طوفان بلوچستان کی ساحلی پٹی سے قریب ہورہا ہے ، طوفان اور ماڑہ سے 180کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور گوادر سے 300کلومیٹر دور ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ساحلی پٹی کی جانب بڑھتے ہوئے طوفان کا رُخ عمان کی جانب ہوگا جبکہ طوفان کا کسی ساحل سے ٹکرانے کا امکان نہیں اور سمندر میں ہی کمزور ہوکر ختم ہونے کا امکان ہے۔