ملک میں سست انٹرنیٹ کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، طلبہ ہو ں یا آن لائن بزنس سیمت فری لانسرز سب ہی بہت پریشان ہیں ، ایسے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی( پی ٹی اے) نے انٹرنیٹ پر منحصر کاروبار میں سست روی دور کرنے کے لیے صارفین کو مشورہ دیا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ بلاتعطل اور محفوظ آن لائن کاروبار کے لیے اپنا وی پی این ون ونڈو آپریشن سے حاصل کریں۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کاروبار کے بلا تعطل اور محفوظ آپریشنز کو یقینی بنانے کے لئے سافٹ ویئر ہاؤسز، کال سینٹرز، فری لانسرز اور غیر ملکی مشنز/سفارت خانوں کے وی پی اینز کو پی ٹی اے اور پی ایس ای بی کی ویب سائٹ پر دستیاب “ون ونڈو” آپریشنز کے تحت رجسٹر کیا جاتا ہے۔
یہ ایک جاری سرگرمی ہے جسے پی ٹی اے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم او آئی ٹی)، پی ایس ای بی اور پاشا کے ذریعے مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے، سال 2020 سے اب تک وی پی اینز کے لیے 20,000 سے زائد آئی پیز رجسٹر ہو چکے ہیں۔
بلا تعطل اور محفوظ آن لائن کاروبار کو یقینی بنانے کے لیے، اپنا وی پی این https://ipregistration.pta.gov.pk/ پر رجسٹر کریں۔
یاد رہےکہ اس سے قبل پی ٹی اے نے کہا تھا کہ انٹرنیٹ کی سست روی کی بنیادی وجہ7 سب میرین کیبلز میں سے 2 میں خرابی ہے، پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ایس ایم ڈبلیو 4 سب میرین کیبل میں خرابی اکتوبر کے اوائل تک ٹھیک ہونے کا امکان ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ سب میرین کیبل اے اے ای-1 کی مرمت کر دی ہے، انٹرنیٹ کی صورتحال بہتر ہوگی۔