(سید ذیشان)
خیبرپختونخوا حکومت کو پولیس کیلئے یونیفارم کا بندوبست کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ مالی بوجھ کم کرنے کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو سرکاری یونیفارم دینے کی بجائے ماہانہ 700 روپے یونیفارم کے لیے دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردی سے متاثرہ پولیس کے لئے خیبرپختونخوا حکومت کے پاس یونیفارم خریدنے کے لئے بھی فنڈز دستیاب نہیں ہے اس لئے اب حکومت نے پولیس یونیفارم کی خریداری کا مسئلہ مستقبل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پولیس اہلکاروں کو یونیفارم دینے کی بجائے ماہانہ پیسے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق حکومت نے تیاری کرتے ہوئے پولیس کو سرکاری یونیفارم دینے کے بجائے نقد پیسے دیکر یونیفارم خریدنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق خالی خزانہ اور سست رفتاری کے ساتھ تیار ہونے والے پولیس یونیفارم کے نظام سے حکام پریشان ہے کیونکہ پولیس کا قائم سینٹرالائزڈ سسٹم پولیس کو یونیفارم دینے میں ناکام ہے۔
سینٹرالائزڈ سسٹم میں پولیس کو فنڈز کے مسائل درپیش ہونے کے ساتھ اور متعدد مسائل کا سامنا ہے۔دستاویزات کے مطابق پولیس اہلکاروں کو ماہانہ یا سال میں دو بار نقد پیسے دئیے جائے گے یونیفارم کے لئے جس پر وہ کچھ مخصوص سٹورز سے یونیفارم خرید سکے گے۔
دستاویزات کے مطابق اس اقدام سے پولیس کا لوجسٹک پرانچ پر بوجھ کم ہو جائے گا اور وہ پولیس کی بہتری اور دیگر امور پر توجہ دے سکے گا۔ دستاویزات کے مطابق یونیفارم کی جگہ پیسے دینے سے پولیس کو معیاری یونیفارم کی فراہمی ممکن ہوگی کیونکہ یونیفارم کی معیار کو ہر صورت ان نجی سٹورز پر یقینی بنایا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اس اقدام سے سیلز ٹیکس عائد ہوگا اور اس مد میں صوبائی خزانے کی آمدن بڑھے گی اور پولیس یونیفارم پر خرچ ہونے والے ٹرانسپورٹ کے لاکھوں روپے کا بچت ہو جائے گا۔ نہ صرف یہ بلکہ کئی پولیس اہلکار جنہیں یونیفارم کی ترسیل اور دیگر انتظامات میں اضافی ذمہ داری دی گئی ہے وہ ختم ہو جائے گی۔ جس سے درجنوں پولیس اہلکار فری ہو جائے گے۔
دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ درزوں کے زیر استعمال جگہ خالی ہونے کے ساتھ ان کے استعمال ہونے والی بجلی کا بھی بچت ہوگا۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 1 لاکھ 23 ہزار پولیس اہلکاروں کو یونیفارم دینے پر سالانہ ایک ارب 40 کروڑ روپے کا خرچ آئے گا گزشتہ 5 سالوں سے سالانہ یونیفارم کی خریداری کے لئے 328 ملین روپے سے زائد کا بجٹ مختص کیا جارہا ہے جو ناکافی ہے۔ اس لئے مزید 721 ملین روپے کا اضافہ بجٹ درکار ہے جس کے اجراء کے لئے حکومت سے درخواست کی جاتی ہے۔
دستاویز کے مطابق آئی جی پولیس نے یونیفارم کی خریداری کے لئے دو تجاویز پیش کی ہے۔ان کے مطابق یا تو پولیس کو ماہانہ 700 روپے دی جائے جو سالانہ 8 ہزار 401 روپے بنتے ہے اور یا پھریہ پیسے دو اقساط پر پولیس کو سال میں دو بار پیسوں کی ادائیگی کی جائے یعنی پہلی ادائیگی مارچ اور دوسری ادائیگی دسمبر میں کی جائے۔
دستاویز کے مطابق ابتدائی مرحلے میں فی پولیس اہلکار 5 ہزار روپے دی جائے گی صرف ایک بار ان اہلکاروں کو جو پولیس ٹریننگ انسٹیوٹ میں تربیت لے رہے ہوں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ نے تمام تیاری مکمل کرکے سمری کابینہ سے منظوری کے لئے بھیج دی ہے۔