سندھ مون سون سسٹم کی لپیٹ میں آگیا۔ محکمہ موسمیات نے آج رات یا صبح تک سندھ کی ساحلی پٹی میں سمندری طوفان بننے کا خطرہ ظاہر کردیا۔ سمندری طوفان کا ہائی الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
مون سون سسٹم کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے ٹروپیکل سائیکلون کا دوسرا الرٹ جاری کردیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیپ ڈپریشن رن آف کچھ اور اس سے ملحقہ علاقے پر موجود ہے، یہ سسٹم آہستہ حرکت کرتے ہوئے مغرب اور جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔
مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات کی 31 اگست تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی
گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران اس سسٹم کے آگے بڑھنے کی رفتار بہت سست رہی، یہ سسٹم کراچی کے مشرق اور جنوب مشرق سے 250 کلومیٹر دور ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ یہ سسٹم مغرب اور جنوب مغرب کی جانب مزید حرکت کرتا رہےگا۔
یہ سسٹم کل صبح تک شمال مشرقی بحیرہ عرب میں داخل ہوسکتا ہے، اس سسٹم کے باعث سمندر میں شدید طغیانی رہےگی، سمندر میں ہوائیں 50 سے 60 کلومیٹر اور کبھی 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے جھکڑ چل رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے ماہی گیروں کو 31 اگست تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے.