شدید بارش کے باعث میرپور خاص، سانگھڑ اور حیدرآباد میں تعلیمی ادارے مزید دو روز کے لیے بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میرپور خاص میں بارش کے باعث نجی اور سرکاری اسکولوں سمیت اسکول آج بند رہے۔ دریں اثناء سانگھڑ کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے شدید بارشوں کے باعث ضلع بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں 29 اور 30 اگست 2024 کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یاماہا موٹرسائیکلوں کی ستمبر کیلئے قیمتیں سامنے آگئی
ڈی سی آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے صوبے میں موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کے بعد محکمہ تعلیم نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو عام تعطیل کے اختیارات دے دیے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے ضلع بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں 29 اور 30 اگست 2024 کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جبکہ اسکولوں کا نان ٹیچنگ عملہ معمول کے مطابق ڈیوٹی پر رہے گا۔
جامشورو میں بھی تعلیمی ادارے 29 سے 31 اگست تک بند رہیں گے اور بارش کے باعث تعلیمی اداروں میں تین دن کی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی طرح نواب شاہ میں بھی 29 اور 30 اگست کو موسلا دھار بارش کے باعث تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
دوسری جانب سینٹرل کراچی میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔