پنجاب میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، ملتان میں 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں صرف دو گھنٹوں میں 147 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں سیلاب ی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں ملتان، جہلم، بہاولپور، خانیوال، میاں چنوں اور گردونواح کے علاقے شامل ہیں جہاں سیلاب کی بدترین صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور کئی مقامات پر پانی کھڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نسوار پر حالیہ تحقیق نے سب کو حیران کر دیا
ملتان میں موسلا دھار بارش کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، چونگی نمبر 9 ڈسپوزل اسٹیشن پر صرف دو گھنٹوں میں 147 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث خواجہ فرید سوشل سیکیورٹی اسپتال میں پانی داخل ہوگیا اور اسپتال کے وارڈز بارش کے پانی سے بھر گئے۔ وارڈوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے مریض بارش کے پانی میں بیٹھنے پر مجبور ہوگئے۔
ملک کے مختلف شہروں میں مون سون موسلا دھار بارشوں نے جل تھل ایک کردیا، موسلادھار بارش سے مختلف شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ ایم ڈی واسا خالد رضا خان نے موسلا دھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور نکاسی آب کے آپریشن کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں 31 اگست تک مون سون بارشوں کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپنا گھر بنانے کے لیے قرضہ کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ طریقہ کارجانئے
اس دوران راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔