جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ میں نجومی نہیں جو بتا سکوں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی یا نہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ جے یو آئی (ف ) مولانا فضل الرحمٰن کا لاہور میں صدر مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکے دوران کہنا تھا کہ بلوچستان میں جو کچھ ہورہا ہے میرے پاس اسکی معلومات نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان ودیگر چھوٹے صوبوں میں وسائل اور مسائل کو دیکھنے کی ضرورت ہے، ہر صوبے کے وسائل پر مقامی لوگوں کا حق ہونا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری میرے پاس ضرور تشریف لائے ، ہماری بھائیوں کی طرح ان سے ملاقات ہوئی ۔
موجودہ پارلیمان کو عوام کا نمائندہ نہیں سمجھتا، میں نجومی نہیں جو بتا سکوں حکومت مدت پوری کرے گی یا نہیں۔ پی ٹی آئی سے مفاہمت کے حوالے سے بات کرتے ہوئےانکا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات چل ر ہے ہیں، 12سال ہماری آپس میں مخالفت رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کیخلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا
دنوں میں دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات درست نہیں ہوسکتے، 9 مئی کے حوالے سے ریاستی اداروں کو فیصلہ کرنا ہے۔ قبل ازیں مولانا فضل الرحمان نے چودھری شجاعت حسین سے خیریت دریافت کی، اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے و صوبائی وزیر چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔