پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صد ر آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے دو تہائی اکثریت کیلئے ملاقات کی ہے، صرف 9مئی کی نہیں دوسرے معاملات کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق مردان پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے دعویٰ کیا کہ آ صف زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت کیلئے ملاقات کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جما عتوں نے بھی چندے کے نام پر رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں حق حکمرانی سب سے بڑا مسئلہ ہے، الیکشن 2024میں ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) جیت چکی ہے اور حکمرانی بھی اس کا حق ہے۔ سینئر سیاستدان کا 9 مئی کے حوالے سے کہنا تھا کہ صرف 9 مئی کی نہیں دوسرے معاملات کی بھی تحقیقات ہر حا ل میں ہونی چا ہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اگر آئین کی حکمرانی ہوتی تو پاکستان ٹوٹتا،بھٹو کو پھانسی ہوتی اور نہ ہی بینظیرکا قتل ہوتا۔ محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈوب رہا ہے، پاکستان کے تمام مسائل اندرونی ہیں اور ہم بھیڑیوں کی طرح ملک کو نوچ نوچ کر کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں کو مساوی حقوق د ئیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:علیمہ خان کا عمران خان کی رہائی کیلئے مہم چلانے کا اعلان
ہم خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ چیئرمین پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا کہنا تھا کہ فوج اور ایجنسیوں کے بغیر ملک نہیں چلتا، پاکستان چلانے کے لئےآئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کو طاقت کا سر چشمہ تسلیم کرنا ہوگا۔ محمود اچکزئی نے انکشاف کیا کہ ماضی میں میاں محمد نوازشریف نے وزارت کی پیشکش کی تھی مگر میں نے انکار کردیا تھا۔