دنیا کے متعدد ممالک میں ورک فرام ہوم کرنے والے افراد کے لیے ڈیجیٹل نوماڈ ویزا پروگرامز متعارف کرائے گئے ہیں۔
مگر یورپ کا ایک خطہ ایسا ہے جو وہاں آنے والے ایسے افراد کو معاوضہ ادا کرے گا، ورک فرام ہوم بیشتر افراد کی زندگی کا معمول بنتا جارہا ہے یعنی دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی، تو وہ اپنے کام کے ساتھ دنیا کو دیکھنے کو بھی کوشش کررہے ہیں، ایسے افراد کے لیے ڈیجیٹل نوماڈ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔
پرتگال کی سرحد سے منسلک اسپین کا خطہ Extremadura سپین کا ایک خطہ وہاں منتقل ہونے والے ڈیجیٹل نوماڈز کو مالی امداد کی پیشکش کر رہا ہے۔سیاحوں کی آمد بہت کم ہوتی ہے اور آبادی بھی بہت کم ہے، اسی لیے یہ نیا پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔
یہاں کی حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل نوماڈز کو وہاں منتقل ہونے پر 15 ہزار یورو تک کی مالی امداد دی جائے گی۔
اس پروگرام کے لیے حکومت نے 20 لاکھ یورو کا فنڈ مختص کیا ہے اور فی الحال 200 ڈیجیٹل نوماڈز کو اس کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
اسپین کے دیگر حصوں کے مقابلے میں یہاں طرز زندگی کے اخراجات کافی کم ہیں، میڈرڈ اور دیگر علاقوں کے مقابلے میں یہاں خوراک، ٹرانسپورٹ اور یوٹیلیٹی چارجز اوسطاً 30 فیصد تک کم ہیں۔
یہاں کا فائبر آپٹک نیٹ ورک اسپین کے دیگر خطوں کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔
Extremadura کی جانب سے ایسے ڈیجیٹل نوماڈز کو ترجیح دی جائے گی جو ٹیکنالوجی انڈسٹری سے تعلق رکھتے ہوں گے اور بہت زیادہ باصلاحیت ہوں گے۔
ان افراد کو اپنا تمام کام آن لائن کرنا ہوگا اور اس خطے میں کم از کم 2 سال تک مقیم رہنا ہوگا۔
یورپ کے ساتھ ساتھ دیگر براعظموں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس پروگرام کا حصہ بن سکیں گے، البتہ انہیں پہلے اسپین کے ڈیجیٹل نوماڈ ویزا پروگرام کا حصہ بننا ہوگا۔
30 سال سے کم عمر افراد اور خواتین کو اس پروگرام کے تحت 10 ہزار یورو دیے جائیں گے جبکہ دیگر کو 8 ہزار یورو دیے جائیں گے۔
2 سال بعد خواتین اور 30 سال سے کم عمر افراد کو مزید 5 ہزار یورو کی مالی امداد دی جائے گی جبکہ دیگر کے حصے میں 4 ہزار یورو آئیں گے۔
اس پروگرام کو ستمبر 2024 کے وسط میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔