پی ٹی آئی اورجے یو آئی کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق

پی ٹی آئی اورجے یو آئی کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علمائے اسلام(جے یو آئی ) نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی کی قیادت میں پی ٹی آئی کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، تحریک انصاف کے وفد میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، رؤف حسن سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔

وفد کی آمد کے موقع پر پی ٹی آئی اراکین کا مولانا فضل الرحمان نے شاندارویلکم کیا۔ نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق دونوں سیاسی جماعتوں کے وفود کی موجودگی میں ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور بالخصوص قومی اسمبلی و سینیٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ دونوں جماعتوں نے پارلیمان میں قانون سازی کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی اور باہمی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے دونوں جماعتوں کے قائدین نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ جس میں پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن کا کہنا تھا کہ میٹنگ پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام کے درمیان ملاقات تھی اور مستقبل میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ان کا کمیٹی کی تشکیل کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کمیٹیاں آنے والوں دنوں میں آپس میں ملاقات کریں گی۔ رؤف حسن کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے وفد نے آج ہمیں عزت بخشی اور ملاقات خوشگوار رہی، کمیٹی لیول پر ہماری یہ پہلی میٹنگ ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ہماری کمیٹیاں باہمی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کریں گی۔

اس موقع پر جے یو آئی کےرہنما مولانا ضیاء الرحمان نے کہا کہ طے یہ ہوا ہے کہ قومی اسمبلی اورسینیٹ میں قانون سازی سے متعلق تمام معاملات کمیٹیاں آپس میں مل بیٹھ کر طے کریں گی، سینیٹ میں شبلی فراز اور کامران مرتضیٰ ہوں گے جبکہ قومی اسمبلی میں بیرسٹر گوہر اور مولانا عبد الغفور حیدری پر مشتمل کمیٹی تمام معاملات دیکھے گی۔

اخوانزدہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ ہم نے اس ملاقات سے پہلے پاکستان تحریک انصاف آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو اعتماد میں لیا، ان کی مشاورت شامل تھی، وہ بھی چاہتے ہیں کہ ملک میں معاملات آگے بڑھیں، اس کے لیے اپوزیشن کا اتحاد ضروری ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *