وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کے لیے جدید الیکٹرک شٹل بسوں کا اجراء کردیا گیا۔
شہر اقتدار کی قسمت جاگ اٹھی، بلیو، گرین، اورنج اور یلو میٹرو لائن بس سروس کے بعد اب وفاقی دارالحکومت کی سڑکوں پر خوبصورت نیلی رنگ کی برقی بسیں بھی چلتی دوڑتی نظر آتی ہیں، پہلے مرحلے میں 100 الیکٹرک بسیں چین سے اسلام آباد پہنچ چکی ہیں جس نے آپریشن شروع کردیا ہے۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ 60 الیکٹرک بسیں ستمبر کے آخر میں پہنچ جائیں گے، حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں سو بسیں صرف دو روٹس پر چلائی جارہی ہیں جنہیں بعد میں 13مختلف روٹس پر چلایا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں بسیں جی سیریز سیکٹرز کے روٹس پر چلائی جارہی ہیں جن میں پمز سے بری امام درگاہ اور پمز سے نسٹ یونیورسٹی شامل ہیں، سی ڈی اے ٹکٹ پر سبسڈی دے رہا ہے جس کے باعث ایک مسافر کو ٹکٹ پچاس روپے میں پڑتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک ٹکٹ پر 40روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے، ایرکنڈیشن الیکٹرک بس میں 24افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ اتنے ہی لوگ باعزت طریقے سے اکھٹے ہوسکتے ہیں، بس میں مردو خواتین اور خصوصی مسافروں کے لئے علیحدہ علیحدہ نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
الیکٹرک بسوں کی چارجنگ کے لئے جناح کنونشن سینٹر میں تیس پوائنٹس بنادیے گئے ہیں جن کی تعداد بعد میں بڑھائی جائے گی، ایک مرتبہ چارج کرنے پر الیکٹرک بس ڈھائی سو کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔
حکام کے مطابق الیکٹرک بسوں پر سی ڈی اے نے کوئی رقم نہیں دی جبکہ نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونکیشن (این آر ٹی سی) نے سرمایہ کاری کرکھی ہے ، بسیں آٹھ سال کے بعد سی ڈی اے کی ملکیت بن جائیں گی۔
ان بسوں میں خصوصی افراد اور ضعیف العمر افراد کے چڑھنے اور اترنے کے لئے خصوصی ریمپس بھی بنائے گئے ہیں۔