کوہاٹ سے تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت

کوہاٹ سے تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت

کوہاٹ سے تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے گئے، ابتدائی تخمینے کے مطابق راضگر 1 سے روزانہ 17.9ملین اسٹینڈرڈ مکعب فٹ گیس اور 153بیرل تیل حاصل کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم  او ایل پاکستان آئل اینڈ گیس کمپنی، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل، پی او ایل اور جی ایچ پی ایل کے جوائنٹ وینچر نے خیبر پختونخوا کے ڈسٹرکٹ کوہاٹ کے راضگر1میں لوک ہارٹ فارمیشن سے تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔

ایم او ایل پاکستان صوبہ خیبر پختونخوا کے ٹل بلاک کے علاقوں میں اس جوائنٹ وینچر کے آپریٹر کے طور پر اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

آپریٹر کی جانب سے جاری  اعلامیہ کے مطابق اس کنویں پر کھدائی کے کام کا آغاز رواں سال 9 جنوری کو کیا گیا تھا جسے کامیابی کے ساتھ 3,773.98 میٹر گہرائی تک کھودا گیا۔

ابتدائی تخمینے کے مطابق اس کنویں سے روزانہ 17.9ملین اسٹینڈرڈ مکعب فٹ گیس اور 153 بیرل تیل حاصل کیا جا ئے گا،  اس نئی دریافت نے ٹل بلاک میں مزید نئی دریافتوں کیلئے راہ ہموار کر دی ہے جس سے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس دریافت سے جہاں  ایک طرف تو ملک  میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مقامی ذرائع سے پورا کرنے میں بھر پور مدد ملے گی تو دوسری جانب ایم او ایل پاکستان، اس کے جوائنٹ وینچر پارٹنرز اور ملک کے مجموعی ہائیڈروکاربنز کے ذخائر میں قابل قدر اضافہ ہو گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *