پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ حماد اظہر کو تحفظات ہیں تو ضرور بانی پی ٹی آئی دیکھیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے، حماد سے مشورہ ہونا چاہیے تھا۔ رکن قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ میں استعفے پر یقین نہیں رکھتا، آخری وقت تک لڑنا چاہیے۔ لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ لانگ مارچ کب کرنا ہے ،یہ فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔ ستمبر میں لانگ مارچ کا فیصلہ کور کمیٹی اور بانی پی ٹی آئی نے ابھی نہیں کیا۔
مزید پڑھیں: حماد اظہر پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی صدارت سے مستعفی ہوگئے
ایک سوال کے جواب میں علی محمد خان نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کسی کی سہولت کاری کرسکے۔انہوں نے کہا کہ میرے پاس چیف جسٹس اسلام آباد کا آرڈر ہے، مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا گیا۔ کیا کسی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی اتنی جرات ہوسکتی ہے کہ چیف جسٹس کے آرڈر کو نہ مانے۔
دوسری جانب لاہور پریس کلب میں ارکان پنجاب اسمبلی اور تحریک انصاف لاہور کی قیادت کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہمارے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا گیا، ارکان اسمبلی پر مقدمات درج ہوئے، جبر کا یہ سلسلہ زیادہ دیر نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 16 ماہ سے ہماری جماعت کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، تحریک انصاف صرف 9 مئی کی شفاف تحقیقات چاہتی ہے، جلد بڑی احتجاجی تحریک کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں شخصیات کی بنیاد پر قانون سازی کی جا رہی ہے جو جمہوریت کیلئے شدید نقصان دہ ثابت ہو گی۔