حافظ فرحت عباس کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے علی امتیاز وڑائچ کو پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق میاں اسلم اقبال کی تجویز پرعلی امتیاز وڑائچ کو صوبائی اسمبلی کا پارلیمانی لیڈر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سیکرٹری جنرل عمرایوب کی طرف سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
اس موقع پر اپنے بیان میں علی امتیاز وڑائچ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اپنی طرف سے پوری کوشش کروں گا پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اتروں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر ایوب، میاں اسلم اقبال اور ملک احمد خان بھچر کے اعتماد کا بھی مشکور ہوں ، انہوں نے کہا میں انشاءاللہ اپنے مقبول لیڈربانی پی ٹی آئی عمران خان اور اپنی جماعت کو کبھی مایوس نہیں کرونگا۔
یہ بھی پڑھیں:حماد اظہر کا استعفیٰ منظوری سے متعلق عمر ایوب کا ردعمل آگیا
پنجاب میں جاری فسطائیت کے خلاف بھرپور آواز اٹھاتا رہوں گا۔ خیال رہے کہ حافظ فرحت عباس کی جانب سے استعفے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں میری ضمانتیں خارج ہوگئیں ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ضمانتیں خارج ہونے کے بعد ان حالات میں بطور پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی میں مزید فرائض سرانجام نہیں دے سکتا۔