وزیراعظم شہباز شریف نے دس لاکھ طلبا و طالبات کو سمارٹ فونز دینے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں عالمی یومِ نوجوانان پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آرٹیفیشل ٹیکنالوجی آج کے دور میں تعلیم کا جدید ترین ہتھیار ہے، اسی طرح انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں چین گیا اور دیکھا تو چین کی ترقی نے چودہ طبق روشن کردیے۔ پاکستان کو بنانے کے لئے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا۔ ہم تمام اخراجات ختم کرکے وسائل آپ کے قدموں میں نچھاور کردیں گے۔
مزید پڑھیں: رواداری، باہمی احترام اور انسانی حقوق کا تحفظ اسلامی معاشرے کی پہچان ہے، وزیراعظم
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دانش سکول میں پڑھنے والے بچوں کا تعلق غریب طبقے سے ہے، یہاں کروڑوں لوگ ایسے ہیں جنہیں بچیوں کی شادی کے لئے قرض لینا پڑتا ہے اور وہ اسے اتار نہیں پاتے۔ دوسری جانب ایسے بھی لوگ ہیں، جن کے ہاں شادیاں بیرون ملک ہوتی ہیں، یہاں مساوات نہیں یہ طبقاتی کشمکش ہے۔
وزیراعظم نےمزید کہا کہ نوجوانوں کو اگر صحیح وسائل فراہم کئے تو وہ ملک کو ترقی یافتہ بنادیں گے۔ ہم نے اسی لئے لیپ ٹاپ سکیم جاری کی ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ دس لاکھ طلبا و طالبات کو میرٹ پر سمارٹ فون فراہم کریں گے تاکہ وہ ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہزار گریجویٹ بچوں کو زراعت کی جدید تعلیم کے لئے چین بھیج رہا ہوں، آئی ٹی کے میدان میں ہواوے کمپنی سے معاہدہ کیا ہے وہ سالانہ دو لاکھ بچوں کو تربیت فراہم کرے گی۔ سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز کی بنیاد پر نوجوانوں کو اداروں کا مالک بنانے کی غرض سے بینکوں سے قرض دلوایا جائے گا بجٹ میں یہ پروگرام رکھا ہے۔