پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو انعامات اور تعریفوں کی بارش ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کی فین فالوئنگ میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔
حکومت پاکستان، صوبائی حکومتوں، اداکاروں اور دیگر شخصیات نے ارشد ندیم کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے جبکہ اسپانسرز کی بڑی تعداد بھی اولمپیئن کے ساتھ کام کرنے کے لیے بے تاب ہے۔ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ایتھلیٹکس فیڈریشنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2024 کے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو 50 ہزار ڈالر کا انعام دے گی۔
یہ بھی پڑھیں: جب تھرو پھینکی تو اس وقت میرے دماغ میں کیا چل رہا تھا؟ ارشد ندیم نے بتا دیا
پنجاب حکومت نے ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے اور ان کے نام پر اسپورٹس سٹی قائم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ارشد ندیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے اور انہیں گورنر ہاؤس آنے کی دعوت بھی دی ہے۔
سندھ حکومت نے ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ان کے نام پر کراچی میں اسپورٹس اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میئر سکھر نے اعلان کیا ہے کہ وہ ارشد ندیم کو سونے کا تاج پیش کریں گے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ارشد ندیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ معروف گلوکار علی ظفر نے اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہونڈا 125 بلیک ایڈیشن کی اگست کیلئے قیمت سامنے آگئی
کراچی پریس کلب نے ارشد ندیم کو ان کی تاریخی کامیابی پر اعزازی رکنیت دینے کا اعلان کیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے مالک سلمان اقبال نے ارشد ندیم کو اپارٹمنٹ دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ کرکٹر احمد شہزاد نے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل نے بھی 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے جبکہ پاکستان گیس اینڈ آئل نے ارشد ندیم کو تاحیات مفت پیٹرول فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنا آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کے تمغے کے ساتھ ہاکی ایونٹ میں حاصل کیا تھا جبکہ 1984 میں ہاکی میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔