ایپلیکیشن کے ذریعے شہری گھر بیٹھے اسلحہ لائسنس، ائیرپورٹ انٹری،ملازمت،کریکٹر ویری فیکیشن،این جی اوز،ٹرسٹ، فاؤنڈیشن اور ایسوسی ایشن جیسی سہولیات کے لیئے درخواست جمع اور وصول کرسکیں گے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ شہریوں کے لیے ویری فکیشن ایپلی کیشن کا افتتاح کیا گیا ہے جس کے زریعے شہری گھر بیٹھے آن لائن سہولیات سے مستفید ہونگے، جن کے لیے انہیں پہلے پولیس سینٹرز کےچکر لگانے پڑتے تھے۔ بریفنگ میں محکمہ اسپیشل برانچ کی جانب سے ترتیب کردہ مختلف سرگرمیوں پرمبنی گزشتہ اور رواں برس کی انٹیلی جینس رپورٹ سے متعلق تقابلی جائزہ رپورٹ پیش کی گئی۔ آئی جی سندھ پویس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیاکہ گزشتہ سال کی نسبت کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے اور منظم جرائم کے خلاف موثر انٹیلی جنس سے اسمگلنگ، منشیات، اور ممنوعہ اشیاء کی نقل و حرکت میں بھی واضح کمی واقع ہوئی ہے۔منظم جرائم کے گٹھ جوڑ کے خلاف بلا امتیاز رپورٹنگ اور موثر احتسابی عمل کے باعث ایسے جرائم کی روک تھام کو ممکن بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ ہائی کورٹ کا لاپتہ افراد کے معاملے پر موثر اقدامات یقینی بنانے کا حکم
اسکریپ ڈیلرز کے خلاف اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے نتیجے میں متعدد ملزمان گرفتار ہوئے۔ اسپیشل برانچ کے مؤثر اقدامات کی بدولت چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی کی ٹیمپرنگ میں ملوث گروہوں کا کھوج لگایا گیا جسکے نتیجے میں اس قسم کے کرائمز میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔بریفنگ میں کہا گیا کہ عوام کی سہولت کے لیے محکمہ اسپیشل برانچ کی جانب سے اسپیشل برانچ ویری فیکیشن سسٹم ایپلیکیشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔محکمہ اسپیشل برانچ کو کریمنلزکے خلاف اپنا ڈیجیٹل ڈیٹا بینک قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ محکمہ اسپیشل برانچ کی کارکردگی نہ صرف موثر بلکہ انتہائی متاثرکن ہونی چاہیے۔محکمہ کوجدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق موثرحکمت عملی اورتجاویز مرتب کریں۔محکمہ کو دور حاضر کی ضروریات کے مدنظر تنظیم نو کی ضرورت ہے۔ہمیں ہیومن انٹیلیجنس سمیت ٹیکنالوجیکل اور ڈیجیٹل انٹیلی جینس سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔