بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کے نامزد سربراہ ڈاکٹر محمد یونس ڈھاکہ پہنچے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔
ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلباء نے بنگلہ دیش کو بچایا ہے، اب ہمیں ملک میں امن و استحکام کے لیے کام کرنا ہوگا۔ غریبوں کے بینکر” اور گرامین بینک کے بانی کے طور پر مشہور ڈاکٹر یونس نے مزید کہا “ہمیں اب اس آزادی کا تحفظ کرنا ہے۔ میں اپنے وطن واپس آکر بہت خوش ہوں۔ انہوں نے مزید کہا، ‘ایک سازش کے تحت بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملے کیے گئے۔ بنگلہ دیش کا مستقبل نوجوانوں سے جڑا ہوا ہے۔ ہم سب مل کر بنگلہ دیش کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے کام کریں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے طلبہ کے احتجاج کے دباؤ کے باعث استعفیٰ دے دیا تھا اور فرار ہو کر بھارت چلے گئے تھے۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی آرمی چیف جنرل عزیز زمان نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا اور احتجاجی طلبہ کے مطالبے کے مطابق ڈاکٹر محمد یونس کو سربراہ بنا کر عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کیا۔