پشاور(عارف خان) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )پشاور زون نے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوانے میں ملوث 6 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے طورخم بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئے ایک افغان شہری، نجیب اللہ، کو گرفتار کیا۔ ملزم کے پاس جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور افغان تذکرہ برآمد ہوا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم نجیب اللہ چمن بارڈر کے راستے پاکستان داخل ہوا تھا اور اس نے کوئٹہ میں مقیم قاری حافظ کے ذریعے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کئے۔ اس کی نشاندھی پر ایف آئی اے نے عثمانیہ ہوسٹل پشاور سے مزید پانچ افغان شہریوں کو بھی گرفتار کیا، جن کے قبضے سے جعلی پاکستانی شناختی کارڈز، پاسپورٹ اور افغان تذکرے برآمد ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: لیبر ویزا کے حامل افراد کیلئے اہم خبر
ملزمان کی گرفتاری کے بعد ایف آئی اے نے ان کے ساتھ کام کرنے والے ایجنٹوں کی تلاش کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ملزمان جعلی شناختی دستاویزات کا استعمال کرکے سعودی عرب جانے کا ارادہ رکھتے تھے، جس کے لئے انہوں نے کابل کے راستے سفر کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
ایف آئی اے کے حکام نے بتایا ہے کہ نادرا اور پاسپورٹ آفس کے ملازمین کی ممکنہ ملوثیت کا تعین بھی تحقیقات کے دوران کیا جائے گا۔ ایف آئی اے نے اس بڑی کارروائی کے بعد اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ جعلی دستاویزات کی تیاری اور استعمال کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔