وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورکے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ مریم نواز اور شہباز شریف کے دور حکومت میں ملک میں کوئی بھی محفوظ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی سرکار کے اقتدار میں پاکستانی محفوظ نہیں تو جرمن سیاح کا کیا کہنا۔ جرمن سائیکل ٹورسٹ فلورین برگ راج کماری کے شہر میں لٹ گئے۔ جرمن سیاح سے موبائل فون، کیمرہ، اور نقدی لو ٹنے کے علاوہ ان پرتشدد بھی کیا گیا۔
لوٹ مار کے بعد بھی پنجاب پولیس نے جرمن سیاح سے رشوت کا مطالبہ کیا۔ مریم نواز اور ان کے چچا نے عوام کے کپڑے اتروا کر فروخت کر دیئے۔ یہ دوسروں کو کیا تحفظ فراہم کریں گے ؟ ۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں پیش آنے والے واقعہ پر سیاح فلورین برگ اور جرمن عوام سے معذرت کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ملک میں شریف خاندان برسر اقتدار ہے پاکستان میں ڈاکوراج چلتا رہے گا ۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت کی مذاکراتی ٹیم اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات شروع
پنجاب کی ٹک ٹاکر وزیر اعلیٰ سے درخواست ہے کہ جرمن سیاح کے ساتھ بھی ویڈیو بنا کر معذرت کریں۔ مریم نواز اپنے لیے کروڑوں کا سوٹ خریدتی ہیں لیکن جرمن سیاح کی تلافی کے لیے صرف 5 لاکھ، وہ کم از کم سیاح کے فون اور کیمرے کے پیسے تو دے دیتیں۔