(محسن بلال)
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے جمہوریت ڈیل ریل ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ڈی ریل کرنے کی کوشش ایک اور 9 مئی کے مترادف ہوگی۔ حزب اختلاف کو احساس ہی نہیں کہ جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو کیا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم اور رہنما مسلم لیگ ن رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی قوتیں جمہوریت کو ایک بار پھر ڈی ریل کرنے کیلئے متحرک ہو چکی ہیں۔ سنا ہے 5 اگست سے ایک جماعت احتجاج کیلئے دوبارہ متحرک ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بقا ان سیاسی قوتوں کو ایک آنکھ نہیں بھا رہی۔ یہ لوگ محض اپنے مفادات کی خاطر احتجاج کی کال دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: عوام تیار رہے، 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاج ہوگا، تحریک انصاف
رانا سکندر حیات نے کہا کہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش ایک اور 9 مئی کے مترادف ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی کی ذمہ دار تحریک انصاف ہے۔ اس نے آئی ایم ایف سے رشتہ مضبوط کیا جس کے نتائج آج تلخ چیلنجز کہ صورت میں ہمارے سامنے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ وقت قریب ہے جب ہم آئی ایم ایف کو خداحافظ کہہ رہے ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حزب اختلاف کو احساس ہی نہیں کہ اب جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو کیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج، مظاہروں، دھرنوں کی بجائے سر جوڑ کر ملکی مسائل کا حل نکالنے کا وقت ہے۔