پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو جیل سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو انسداد دہشتگردی عدالت کے حکم پر طبی معائنے کیلئے جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کو کوٹ لکھپت جیل سے شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، اس سے قبل انہیں طبی معائنے کیلئے سروسز ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ کینسر کو شکست دینے والی ڈاکٹر یاسمین راشد کے طبی معائنے کا حکم انسداد دہشتگردی لاہور کی عدالت کے جج نے جاری کیا تھا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا جاں بحق کارکنوں کی بیواؤں کو مخصوص نشستیں دینے کا فیصلہ
ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل رانا مدثر عمر کے مطابق یاسمین راشد کو چند دن سے سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی تھی اور ان کے ہومو گلوبن میں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یاسمین راشد کے دوماہ پہلے کینسر سے متعلق ٹیسٹ ہونے تھے لیکن وہ نہیں کرائے گئے۔رانا مدثر عمر ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ یاسمین راشد کو جیل ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن طبیعت زیادہ بگڑنے پر شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر یاسمین کو 9 مئی کے پر تشدد واقعات کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ہجوم کو جناح ہائوس پر حملے کیلئے اُکسایا تھا اور مشتعل عوام کو ریاستی اداروں کیخلاف اشتعال دلایا تھا۔