خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے آئی ڈی کے شعبےمیں مسلسل اضافہ ہونے لگا، حکومت نے اگلے 5 برس میں آئی ٹی برآمدات کو 15 ارب ڈالر زتک بڑھانے کا ہدف مقرر کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ مالی سال میں آئی ٹی برآمدات 2اعشاریہ 6ارب ڈالر تک رہیں جو رواں سال میں 3.5ارب ڈالر تک بڑھنے کے امکانات ہیں۔ آئی ٹی شعبے میں برآمداتی صلاحیت کے پیش نظر حکومت نے رواں مالی سال میں 79ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ 79ارب روپے کی رقم میں سے 19ارب روپے کراچی اور اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کے قیام میں صرف ہوں گے جبکہ 22ارب روپے پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔
چئیرمین پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اکانومی کی صلاحیتوں کا بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے ہمیں آئی ٹی انفراسٹرکچر میں بہتری لانے اور ہنر مندافرادی قوت میں اضافے کی ضرورت ہے۔ چئیرمین پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن نے کہا کہ جدید صنعتی معیار کے مطابق آئی ٹی کے شعبے کی تعمیر کیلئے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور انٹرنیٹ کی کنیکٹویٹی کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔