مخصوص نشستوں کی فہرست میں پیراشوٹ پرآنے والے سب نام نکالیں جائیں گے،اور صرف ان کا نام لسٹ میں شامل کیا جائے گا جنہوں نے پارٹی کیلئے قربانی دی ہو اور پارٹی میں کوئی کردار ادا کیا ہو۔
سید ذیشان
تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی جمع فہرست میں 5 نئے شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کی فہرست میں جو نام پیراشوٹ پر آئے تھے اب ان کے نام نکالے جائیں گے اور صرف ان کا نام لسٹ میں شامل کیا جائے گا جنہوں نے قربانی دی ہو اور پارٹی میں کوئی کردار ادا کیا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سمیت کارکنوں کی گرفتاری، پی ٹی آئی اراکین کابھوک ہڑتال کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق فہرست میں دو سے تین خواتین وکلاء کے ناموں کو بھی شامل کیا جائے گا جبکہ فہرست کے ابتدائی دس ناموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔فہرست میں پہلے 10 ناموں کے بعد دیگر ناموں میں سے 4 سے 5 نام تبدیل کئے جائیں گے۔ جمع کی گئی فہرست کے مطابق موجودہ مشیر مشال یوسفزئی کا نام نئے لسٹ میں بھی برقرار ہے۔ نئے ناموں میں مسلم تاج، ڈاکٹر نادیہ خٹک اور مہوش کا نام شامل کیا گیا ہے۔مسلم تاج، ڈاکٹر نادیہ اور مہوش کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق چترال،سوات اور دیگر اضلاع سے بھی خواتین کے نام شامل ہونے کا امکان ہے فہرست تیاری کے بعد بانی پی ٹی آئی سے حتمی منظوری بھی لی جائے گی۔اس حوالے سے سیکرٹری جنرل علی اصغر خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا پارٹی کے دیگر قائدین کو خواتین کی فہرست میں مداخلت نہ کرنےکی ہدایت ہے ۔سیکرٹری جنرل علی اصغر خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے خواتین رہنماؤں کو خود فہرست تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور فہرست تیار ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی جانچ پڑتال کے بعد فہرست کی حتمی منظوری دینگے۔
یہ بھی پڑھیں؛ افغان حکام نے تاجروں کو شناختی کارڈ پر افغانستان میں داخلے سے انکار کردیا