معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر کو تشدد کا نشانہ بنانے اور لوٹنے کے الزام میں 7 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سندر میں 7 نامعلوم افراد کے خلاف خلیل الرحمان قمر کو پیٹنے اور لوٹنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ آمنہ نامی خاتون نے 15 جولائی کو رات 12 بجے خلیل الرحمان قمر کو فون کیا اور ان کا مداح ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ ایک ڈرامہ پروجیکٹ پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ان سے ملنا چاہتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کا اعلان
متن کے مطابق خاتون نے 4 بجکر 40 منٹ پر بلایا اور ڈلیوری بوائے کے بہانے ساتھیوں کو بلا لیا ۔ خاتون کے 7 ساتھیوں نے کمرے میں داخل ہوتے ہی تشددکا نشانہ بنانا شروع کردیا ، انہوں نے اس سے 2 لاکھ 73 ہزارروپے نقد اور اس کا موبائل فون لوٹ لیا اور ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔
مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ اغوا کار خلیل الرحمان قمر کو نامعلوم مقام پر لے گئے، جہاں وہ اسے مارتے رہے۔ اغوا کاروں کی ہدایت پر خلیل الرحمان قمر نے اپنے دوست حفیظ سے 10 لاکھ روپے دینے کو کہا۔ جب حفیظ نے پیسے دینے سے انکار کیا تو اغواکاروں نے خلیل الرحمان قمر کو دوبارہ مارا پیٹا اور پھر اسے نامعلوم مقام پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کو تفتیش کے لیے سی آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے اور سندر تھانے میں اغوا اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔