لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس میں جہلم میں 54 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 47 ملی میٹر، حافظ آباد میں 40 ملی میٹر اور شیخوپورہ میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 20 جولائی تک جاری رہے گا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عارف علی کاٹھیا نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رکن صنم جاوید آزاد ہیں اور وہ اپنے صوبے جا سکتی ہیں، اٹارنی جنرل
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو سیلاب زدہ علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو احتیاط برتنے اور کھڑے پانی والے علاقوں سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، خاص طور پر بچوں کو۔ ہنگامی صورتحال کی صورت میں عوام پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے 24 گھنٹے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور 1122 سمیت ریسکیو ٹیموں کو اپنی مشینری اور اہلکاروں کے ساتھ تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔