پاکستان تحریک انصاف کےمظفر گڑھ سے رکن قومی اسمبلی معظم جتوئی مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما مہر جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم این اے معظم جتوئی گزشتہ دوروز سے لاپتہ ہیں۔ مہر جاوید کے مطابق معظم جتوئی کو ملتان میں ان کی رہائشگاہ سے نا معلوم افراد لے گئے ۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ ابھی حتمی نہیں ہوا، اسحاق ڈار
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے معظم جتوئی کی گمشدگی پر کہا ہے کہ ہمیں اس حد تک نہ لے جائیں کہ ہمارے پاس کوئی آپشن ہی نہ رہے۔ ہم پارلیمنٹ کیساتھ سڑکوں پر بھی مقابلہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ رات کو ہمارے رکن اسمبلی معظم جتوئی کو ناجائز طور پر اٹھا لیا گیا اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے گھر کا تقدس بھی پامال کیا گیا۔اس سے پہلے ہمارے رکن قومی اسمبلی امیر سلطان بھی لاپتہ ہیں ۔ اس قیصر نے سوال اٹھا کہ جب پارلیمنٹیرینز کا یہ حال ہے تو عام شہری کیساتھ کیا ہوگا؟۔
اس قیصر نے مطالبہ کیا کہ ہمارے ساتھیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے ، ہمیں دیوار سے لگانا چھوڑ دیں۔ ہم آئین اور قانون کے تحت اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہمیں اس حد تک نہ لے کر جائیں کہ ہمارے پاس کوئی آپشن ہی نہ ہو۔