خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسما عیل خان میں رورل ہیلتھ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں 5 شہریوں اور دو سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید ہو گئے جبکہ تین دہشت گرد واصل جہنم ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 اور 16 جولائی کی درمیانی شب دہشت گردوں نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں رورل ہیلتھ سینٹر کری شموزئی پر حملہ کیا اور ہیلتھ سینٹر کے عملے پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو لیڈی ہیلتھ ورکرز، دو بچوں اور ایک چوکیدار سمیت پانچ بے گناہ شہری شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلتھ سینٹر میں کلیئرنس آپریشن کے لیے سیکیورٹی فورسز کو بھیجا گیا جہاں انہوں نے بھرپور طریقے سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور فائرنگ کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران نارووال کے 44سالہ نائب صوبیدار محمد فاروق اور خانیوال کے 23سالہ سپاہی محمد جاوید اقبال نے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود مزید دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے اور معصوم شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے کے گھنائو نے فعل میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔