ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2024 میں شرکت کیلئے 15 رکنی قومی ویمنز ٹیم آج سری لنکا روانہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم کی آج کراچی سے دبئی کے راستے سری لنکا روانگی شیڈول ہے ۔ 19تا 28 جولائی دمبولا میں ہونے والے 9ویں ویمنز ایشیا کپ کے گروپ اے میں پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 19جولائی کو روایتی حریف بھارت کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔
21 جولائی کو دوسرا میچ نیپال اور 23جولائی کو تیسرا میچ متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلا جائے گا ۔ قومی ویمن ٹیم میںندا ڈار ( کپتان)، عالیہ ریاض، ڈائنا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، عمائمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرا امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ وہاب اور طوبہ حسن شامل ہیں ۔
محمد وسیم ہیڈ کوچ، سابق ٹیسٹ بولرز عبدالر حمٰن اور جنید خان بالترتیب اسپن بولنگ کوچ اور اسسٹنٹ کوچ، حنا منور منیجر، حنیف ملک فیلڈنگ کوچ ، رابعہ صدیق فزیو اور ولید احمد انالسٹ کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔ ٹورنامنٹ میں شریک 8 ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی سی بی کا نسیم کے بعد بابر، رضوان اور شاہین کو بھی این او سی دینے سے انکار
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیپال اور متحدہ عرب امارات جبکہ گروپ بی میں بنگلا دیش، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور میزبان سری لنکا شامل ہے۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی جبکہ فائنل 28 جولائی کو کھیلا جائے گا۔