عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال دیا گیا۔ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک اضافہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9.99 روپے کا اضافہ کیا گیا، اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 275.60 ہوگئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6.18 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 283.63 روپے ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور مشرق وسطیٰ میں سیاسی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو 37 سینٹ سستا ہونے کے بعد پیر کو برینٹ کروڈ کی قیمت 15 سینٹ یا 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 85.18 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمتیں بھی 20 سینٹ یا 0.2 فیصد اضافے سے 82.41 ڈالر فی بیرل ہوگئیں۔
امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوشش کے بعد تیل کی قیمتوں پر ڈالر کے اثرات کو نظر انداز کر دیا گیا تھا۔ جیو پولیٹیکل تناؤ کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ، برینٹ کروڈ مہینوں میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔