سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد جوبائیڈن اور مختلف شخصیات نے گہرے دکھ اور شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے واقعے پر شدید رنج اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے یہ جان کر خوشی ہوئی۔
واقعے کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہں، ایسے واقعات کی مذمت کیلئے بطور قوم ایک ہونا چاہیے۔
سابق صدرباراک اوباما کا بھی یہی کہنا تھا کہ ہماری جمہوریت میں سیاسی تشدد کی قطعاً کوئی جگہ نہیں، ٹرمپ واقعے میں شدیدزخمی نہیں ہوئے جو باعث اطمینان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابی ریلی میں فائرنگ سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ زخمی، حملہ آور ہلاک
سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے بھی ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کو بزدلانہ فعل قرار دیا ہے.
اس حوالے سے ٹیسلا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے مالک ایلن مسک نے صدارتی الیکشن میں ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا ہے انہوں نے ٹرمپ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔