امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار بننے کے خواہش مند ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کا واقعہ امریکا کی ریاست پنسلوانیا میں پیش آیا جہاں وہ انتخابی ریلی کے شرکاء سے خطاب کیلئے سٹیج پر موجود تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے کان پر خون کے نشانات دیکھے گئے ہیں، فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے سابق صدر کو حصار میں لے لیا اور وہاں سے لے کر روانہ ہو گئے، جبکہ ٹرمپ پرفائرنگ کرنے والے حملہ آور کو مار دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بظاہر ڈونلڈ ٹرمپ کو واقعے میں شدید چوٹیں نہیں آئیں، تاہم یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ٹرمپ گولی لگنے سے زخمی ہوئے یا اسٹیج پر نیچے جھکتے ہوئے چوٹ لگی ابھی واضح نہیں ہوا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سابق امریکی صدرٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ، ری پبلکن رہنماؤں نے عوام سے ڈونلڈٹرمپ کیلئے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔