پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پنجاب) نے فلڈ الرٹ فیکٹ شیٹ جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری فیکٹ شیٹ میں مون سون بارشوں کی صورتحال ،پنجاب کے دریائوں ، بیراجز اور ڈیمز میں پانی کی سطح کے بارے میں اعداد و شمار شامل ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں لاہور ، سرگودھا ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، فیصل آباد، کوٹ ادو اور بہاولپور میں بارش ریکارڈ کی گئی ۔ گزشتہ روز طوفانی بارشوں کی وجہ سے 12 شہریوں کی جانیں چلی گئیں اور 14 گھر متاثر ہوئے، اس کے علاوہ 27 شہری زخمی بھی ہوئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں پانچ بچے تین خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔ نارووال اور ملتان میں آسمانی بجلی گرنے سے تین شہری جاں بحق ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 15جولائی تک صوبے بھر میں مون سون بارشیں ہوں گی اور پنجاب کے تمام دریائوں اور بیراجز میں پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 53فیصد ، تربیلا میں 74فیصد ہے۔ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 37فیصد تک ہے۔
مزید پڑھیں: مون سون بارشوں سے متعلق نئی ایڈوائزری جاری
ڈی جی پی ڈی ایم اےکا کہنا ہے کہ حکومتی ہدایات کے مطابق سوگوار خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے گی ۔ ولنرایبل اضلاع میں سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں۔رودکوہیوں میں سیلابی ریلوں کے خطرے کے پیش نظر فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں۔ لاہور، سیالکوٹ،فیصل آباد اور گوجرانولہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔بڑے شہروں کی انتظامیہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہے۔
پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔انتظامیہ ندی نالوں اور دریاؤں کے راستوں سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائے۔ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بجلی کی تاروں اور کھمبوں کو چھونے سے گریز کریں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر واسا و انتظامیہ کو نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔